پیغمبر اسلام کا غیر مسلموں سے حسن سلوک
مالک بن عوف پر نوازش
جب قبیلہ ہوازن اپنے قیدیوں کو چھوڑا کر مراجعت کرنے لگے تو سید دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے دریافت فرمایاکہ تمہارا سردار مالک بن عوف جس نے تم لوگوں کو اللہ اور اس کے رسول سے لڑنے پر ابھارا تھا کہاں ہے؟ انہوں نے کہا وہ حضور کے لشکر سے شکست کھا کر طائف بھاگ گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارکانِ وفد سے فرمایا کہ اگر مالک بن عوف میرے پاس آجائیں تو میں نہ صرف ان کے اہل و عیال اور مویشی واموال واپس کر دوں گا، بلکہ اپنی طرف سے بھی سو اونٹ پیش کروں گا۔
شرفِ ایمانی
اس وقت مالک بن عوف طائف کے اندر سخت بے کسی کے عالم میں پریشان حال اپنی موت کی گھڑیاں گن رہے تھے اور کوئی مددکرنے والا نہ تھا جب انہیں یہ اطلاع ملی کہ پیغمبر عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی معافی کا وعدہ فرمایا ہے تو نہایت مسرور ہوئے اور بلا تامل ہی بارگاہِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں حاضر ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کا قصور معاف کرکے ان کے تمام مال و املاک اور اہل و عیال واپس کر دیئے اور اس بخشش و عطا پر اپنی طرف سے سو اونٹوں کا اضافہ فرمایا۔ مالک بن عوف نے لبادئہ ایمان سے مخمور ہو کر سرور ِدوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح و ستائش میں چند اشعار کہے جن کا خلاصہ مفہوم یہ تھا کہ میں نے مدت العمر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق کا کوئی انسان نہ کبھی دیکھا ہے اور نہ سنا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مالک بن عوف رضی اللہ عنہ کو نہ صرف ان کی قوم کا سردار بنا دیا بلکہ چند دوسرے قبائل کا بھی امیر مقرر فرما دیا جو شرفِ ایمانی سے بہرہ مند ہو چکے تھے (طبقات ابن نسعد و مدارج النبوت)
آسمانی تعلیم
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مالک بن عوف رضی اللہ عنہ اور دوسرے اعداءسے جو مربیانہ سلوک کرکے ان کو دوست بنایا وہ عفو و درگزر کی اس آسمانی تعلیم کا نتیجہ تھا جس سے آپ کی رہنمائی کی جارہی تھی۔ اس سلسلہ مودّت میں قرآن کے جو احکام نازل ہوئے ان میں یہ آیت بھی تھی۔( ترجمہ نیکی اور بدی برابر نہیں ہو سکتی (ہر ایک کا اثر جدا ہے) برائی کا دفعیہ حسن و سلوک سے کرو اگر ایسا کرو گے تو تم دیکھ لو گے کہ تم میں اور کسی شخص میں عداوت ہو تو وہ ایسا ہو جائےگا جیسا کوئی دلسوز دوست ہوتا ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں