Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

مراقبے سے علاج - اپرئل ۲۰۱۲ کا روحانی مراقبہ

ماہنامہ عبقری - اپریل 2012

یعنی مراقبہ جہاں ازل سے روحانیت کی ترقی اور مشکلات کے حل کا علاج رہا ہے وہاں جدید سائنس نے اسے امراض کا یقینی علاج بھی قرار دیا ہے۔ ہزاروں تجربات کے بعد عبقری کے قارئین کے لئے مراقبے سے علاج پیش خدمت ہے۔ سوتے وقت اگر با وضو اور پاک سوئیں تو سب سے بہتر ورنہ کسی بھی حالت میں صرف 10 منٹ بستر پر بیٹھ کر بلا تعدادبِسْمِ اللّٰہِ اَوَّلَہٗ وَاَخِرَہٗ کا ورد اول و آخر 3 بار درود شریف پڑھیں پھر لیٹ جائیں۔ جس مرض کا خاتمہ یا الجھن کا حل چاہتے ہوں اس کو ذہن میں رکھ کر یہ تصور کریں کہ ’’آسمان سے سنہرے رنگ کی روشنی میرے سر سے سارے جسم میں داخل ہو کر اس مرض کو ختم یا الجھن کو حل کر رہی ہے اور اس وظیفے کی برکت سے میں سو فیصداس پریشانی سے نکل گیا/گئی ہوں‘‘ یہاں تک کہ اس تصور کو دہراتے دہراتے نیند آ جائے۔ شروع میں تصور بناتے ہوئے آپکو مشکل ہو گی لیکن بعد میں آپ پر جب اسکے کمالات کھلیں گے تو حیرت کا انوکھا جہان اور مشکلات کا سو فیصد حل خود آپ کو حیرت زدہ کر دیگا۔ مراقبے کے بعد اپنی کیفیات فوائد اور انوکھے تجربات ہمیں لکھنا نہ بھولیں۔
محترم حضرت صاحب السلام علیکم!  میں نے کچھ عرصہ پہلے مراقبہ شروع کیا۔ چند دن بعد ہی مجھے مراقبے کا سلیقہ آگیا‘ آپ کو اپنی کیفیات لکھ رہی ہوں‘ میں پہلے آسمان پر گئی ہوں‘ میں نے پھر دیکھا کہ آسمان سے ہلکے سنہری رنگ کی روشنی روضہ اقدس ﷺ کی طرف بڑھ رہی ہے اور روضہ اقدس سے بہت سی شعاعیں نکل رہی ہیں اور روضہ اقدس ﷺ بہت روشن اور چمکدار ہوگیا ہے۔ وہاں سے وہ روشنی میرے دل پر بھی پڑ رہی ہے اور دل کی دھڑکن کے ساتھ وہ روشنی میرے پورے جسم میں پھیل رہی ہے۔ میرے دل پر بہت زور پڑ رہا ہے اور ہر دل کی دھڑکن کے ساتھ لفظ اللہ اللہ اللہ نکل رہا ہے اور وہ روشنی مجھے اوپر کی طرف لے جارہی ہے اور مجھے ایسا لگ رہا ہے واقعی مجھے ساری زمین اور لوگ نیچے نظر آرہے ہیں (جیسے عموماً جہاز پر بیٹھے نظر آتا ہے) بالکل ویسے ہی زمین نظر آرہی تھی اور میں مسلسل اوپر کی طرف بڑھ رہی ہوں۔ جوں جوں آسمان کی طرف بڑھنے لگتی ہوں ہلکے ہلکے بادل ہٹنا شروع ہوجاتے ہیں پھر ایسا لگتا ہے جیسے سفید بادل بہت گہرے میرے پاؤں کے نیچے ہیں اور میرے سامنے ایک الگ جہان ہے جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ غالباً یہی پہلا آسمان ہے میں نے وہاں قدم بڑھانا شروع کیے ہر طرف عجیب لوگ نظر آرہے تھے جو نہ کسی سے بات کرتے تھے نہ کچھ کھاتے پیتے تھے۔ نہ ہی بیٹھتے اور سوتے تھے بس سب ایک قطار باندھے کھڑے تھے۔ ان سب نے ایک لباس پہنا ہوا تھا سفید لمبا اور کھلا (جو کہ عرب کے لوگ پہنتے ہیں) ان لوگوں کے ہاتھ بلند تھے سب دعا مانگ رہے تھے۔ ان لوگوں کے سفید بڑے بڑے پَر بھی تھے۔ ان لوگوں سے ہٹ کر ایک اور فرشتہ نما انسان کھڑا تھا جو کہ ان سب سے بڑا تھا اور ان کے بھی پَر تھے اور یہ بھی آسمان کی طرف ہاتھ بلند کرکے دعا مانگ رہے ہیں یہ اتنے بڑے ہیں کہ اس پہلے آسمان پر کھڑے ہیں اور بہت اوپر دوسرے آسمان پر ان کا سر ہے۔ غالباً یہ سب فرشتے ہی ہیں جو کہ اللہ کی حمد بیان کررہے ہیں میں غور سے ان کی دعا سنتی ہوں جو یہ کہہ رہے تھے:۔
سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیْم
میں کافی دیر انہیں اسی انداز میں کھڑے اور یہی تسبیح کرتے دیکھ رہی تھی پھر میرا دھیان ختم ہوامیں پھر سوگئی۔
حکیم صاحب!میں نے دوسرے دن پھر مراقبہ کیا اس کا حال بتا رہی ہوں۔ اس مراقبے میں اسی طرح ہلکے سنہرے رنگ کی روشنی آسمان سے آرہی ہے اور روضہ اقدس ﷺ پر پڑ رہی ہے‘ روضہ اقدس ﷺ اس روشنی سے روشن ہوگیا ہے۔ وہاں سے وہ روشنی میرے دل پر پڑ رہی ہے اور پورے جسم پر پھیل رہی ہے۔ اس روشنی سے میرا دل اللہ اللہ اللہ کررہا ہے۔ یہ روشنی مجھے دوسرے آسمان پر لے کر جارہی ہے۔ میں نے وہی دیکھا کہ میرا جسم ہوا میں اڑرہا ہے اور روشنی مجھے بہت اوپر لے جارہی ہے اوپر جاتے ہی پہلا آسمان آیا جہاں سب فرشتے اللہ کی حمد کے ساتھ تسبیح بیان کررہے ہیں پھر وہ روشنی مجھے اور اوپر لے کر جارہی ہے۔ جاتے جاتے اچانک سفید روشنیاں ہر طرف پھیل جاتی ہیں۔ سفید چادر نما پردے ہٹنے لگتے ہیں اور الگ جہاں میرے سامنے ہوتا ہے۔ وہاں بہت لوگ تھے جو کہ اسی مراقبے میں شامل تھے۔ جن میں خواتین اور مرد بھی تھے وہ عجیب جہان تھا۔ سب مرد اور خواتین اس عجیب جہان میں کھوجاتے ہیں میں بھی آگے بڑھتی ہوں اور طرح طرح کے عجائبات دیکھ کر حیران ہورہی ہوتی ہوں۔ اچانک میری آنکھوں کے سامنے ایک بہت بڑا دروازہ آتا ہے جو کہ مکمل سونے کا بنا ہوتا ہے اور اس میں بڑے بڑے موتی اور طرح طرح جڑے ہوتے ہیں۔ میں اس دروازے کی طرف بڑھتی ہوں۔
 میرے ساتھ بہت کم خواتین اور مرد ہوتے ہیں باقی سب اس عجیب جہان میں کھوئے ہوتے ہیں ہم چند لوگ اس دروازے کے پاس جاتے ہیں وہاں ایک دربان کھڑا ہوتا ہے۔ وہ ہمیں روکتا ہے اور پوچھتا ہے آپ کون ہیں کہاں سے آئے ہیں اور کہاں جانا ہے۔ ہم چپ ہوتے ہیں اچانک کہیں سے آواز آتی ہے کہ دروازہ کھول دو انہیں اندرآنے دو یہ سلسلہ قادری ہجویری سے ہیں۔ پھر وہ بڑا دروازہ کھلتا ہے ہم اس دروازے سے اندر جاتے ہیں وہاں فرشتوں کی بہت بڑی جماعت لائن میں کھڑی ہوتی ہے جیسے سکول میں صبح اسمبلی کے وقت بچے لائن میں کھڑے ہوتے ہیں ویسے لائنیں بناکر فرشتے دور دور تک وسیع میدان میں کھڑے تھے اور اللہ کی تسبیح بیان کررہے تھے ہم بھی فرشتوں کی اس لائن میں کھڑے ہوجاتے ہیں اور ان کے ساتھ مل کر اللہ کے حمد کرتے ہیں۔ ان فرشتوں کے ساتھ حمد و ثنائ کرتے ہیں۔ مراقبے کے بعد مجھے عجیب سی روحانی تاذگی محسوس ہوئی۔ (ص۔ر۔لاہور)

Ubqari Magazine Rated 5 / 5 based on 854 reviews.