Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

درود شریف کا زندگی میں انوکھا کمال

ماہنامہ عبقری - ستمبر 2013ء

شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب ’’ترغیب اہل السعادات‘‘ میں لکھا ہے کہ شب جمعہ میں دو رکعت نماز نفل پڑھے اور ہر رکعت میں گیارہ بارآیۃ الکرسی اور گیارہ مرتبہ سورۂ اخلاص اور بعد سلام سو مرتبہ درود شریف پڑھے۔ انشاء اللہ تین جمعہ نہ گزرنے پائیں گے کہ زیارت نصیب ہوگی

درود شریف کی انوکھی برکات

حضرت احمد بن ثابت مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ میں نے جو برکتیں درود شریف کی دیکھی ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک چٹیل میدان ہے اس میں ایک منبر ہے میں نے اس پر چڑھنا شروع کردیا جب میں کچھ درجے چڑھ گیا‘ زمین کی طرف دیکھا تو معلوم ہوا کہ منبر ہوا میں ہے اور اوپر کو جارہا ہے اور زمین سے کافی اونچا جاچکا ہے۔ میں نے دل میں خیال کیا کہ میں اوپر کے درجے تک چڑھتا ہوں‘ جہاں تک مجھے اللہ تعالیٰ لے جائے جاؤں گا حالانکہ واپس آنے کی کوئی سبیل نظر نہیں آتی۔
جب میں اور بلندی تک پہنچا اور نیچے کو دیکھا تو نیچے والے درجے غائب ہیں‘ تب میں نے دائیں بائیں دیکھا تو ہوا ہی ہوا ہے۔ میں نے دربار الٰہی میں دعا کی یااللہ! مجھے درود پاک کی برکت سے سلامتی کے راستہ پر لے چل۔
اس کے بعد میں نے ایک باریک سا دھاگہ دیکھا جو کہ اندھیرے میں کھنچا ہوا ہے‘ گویا وہ پل صراط ہے‘ میں نے یہ منظر دیکھا تو اپنے آپ کو کہا تجھ پر افسوس! کہ تو پل صراط پر پہنچ گیا ہے لیکن تیرے پاس کوئی عمل نہیں سوائے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور درود پاک کے… اچانک میں نے ہاتف غیبی کی آواز سنی اے احمد! اگر تو پل صراط کو عبور کرگیا تو تو رسول اکرم ﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی زیارت سے مشرف ہوگا۔ میں یہ سن کر بہت خوش ہوا اور میں نے درود پاک کا وسیلہ پیش کرکے دعا کی۔ کیا دیکھتا ہوں کہ ایک نور کا بادل نمودار ہوا اور اس نے مجھے پل صراط کے پار کرکے سید دو عالم ﷺ کی خدمت اقدس میں حاضر کردیا۔ آقائے دوجہاں ﷺجلوہ افروز ہیں اور دائیں طرف حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ‘ بائیں جانب حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ‘ پیچھے سیدنا عثمان غنی ذوالنورین رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ‘ آگے حضرت علی شیر خدا رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ بیٹھے ہیں۔ میں نے عرض کیا یارسول اللہﷺ! آپ ﷺ میرے ضامن ہوجائیں۔ فرمایا میں تیرا ضامن ہوں اور تیرا خاتمہ ایمان پر ہوگا۔ میں نے دعا کی درخواست کی تو فرمایا تجھ پر درود پاک کی کثرت لازم ہے اور تو لہو (کھیل) سے پرہیز کر۔ پھر میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کی طرف متوجہ ہوا اور عرض کیا حضرت آپ میرے لیے دعا کریں۔ یہ سن کر حضرت علی شیرخدا رضی اللہ عنہٗ نے میرا کندھا پکڑ کر جھٹکا دیا اور اسی جھٹکے سے مرعوب ہوکر میں بیدار ہوگیا اور کافی دیر تک میرا کندھا درد کرتا رہا۔
میں نے غور کیا کہ وہ لہو کیا ہے‘ بعدازاں معلوم ہوا کہ وہ رشتہ داری کا جھگڑا تھا جس میں میں ملوث ہوگیا اور ایک سال تک زیارت مصطفیﷺ سے محروم رہا۔ اس کوتاہی سے میں نے توبہ کی اور درود پاک کا وسیلہ پیش کرکے دربار الٰہی میں عرض کی یااللہ! مجھے اپنے حبیب مکرم ﷺ کی زیارت سے مشرف فرما۔
میں نے دوسری بار عالم رویاء میں دیکھا کہ دربار الٰہی میں حاضر ہوں اور وہاں ہاتف غیبی سے آواز پڑی کہ میں لہو ولعب اور دنیا کے جھگڑے میںملوث کیوں ہوا اور میں عرض کیے جارہا ہوں یااللہ تیری رحمت! یااللہ تیرا فضل! یااللہ تیرا کرم! لیکن مسلسل وہ آواز آتی رہی حتیٰ کہ مجھے خیال ہوا کہ شاید میں دوزخی ہوں مگر فوراً یاد آیا کہ میں کیسے دوزخ والوں سے ہوسکتا ہوں میرے تو ضامن مصطفی ﷺ ہیں۔ تو میں نے دربارالٰہی میں عرض کی یااللہ! میں تیرے حبیبﷺ پر درود پاک پڑھتا ہوں اور وہ میرے ضامن ہیں‘ اتنا عرض کرنا تھا دیکھا کہ نبی اکرم ﷺ موجود ہیں اور فرمارہے ہیں میں صاحب شفاعت ہوں میں صاحب عنایت ہوں‘ میں صاحب وسیلہ ہوں۔ تب میں نے سنا کوئی کہہ رہا ہے یااللہ! کیا یہ دوزخ والوں سے ہے؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا نہیں یہ دوزخ سے امن میں ہے اور میں بیدار ہوگیا۔ اللہ تعالیٰ کی کریم بارگاہ سے امید رکھتا ہوں کہ وہ ہم پر اپنی رحمت سے احسن فرمائے گا اور ہمیں قیامت کے دن رسوا نہیں کرے گا۔ (سعادۃ الدارین ص 109)

سمندر کی جھاگ کے برابر گناہوں کی معافی

استاذ ابوبکر محمد جبیر رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے بیان کیا‘ درود شریف پڑھنے سے سمندر کے جھاگ کے برابر بھی گناہ ہوں تو اگر بیٹھا ہے تو اٹھنے سے پہلے اگر کھڑا ہے تو بیٹھنے پہلے رب کریم معاف فرمادیتا ہے۔ درودشریف یہ ہے:۔ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّآلِہٖ وَسَلِّمْ صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی حَبِیْبِہٖ مُحَمَّدٍ وَّ آلِہٖ وَسَلَّمَ (فضائل درود شریف)

خواب میں حضورﷺ کی زیارت کے نسخے

درود شریف کی سب سے زیادہ لذیذ اور شیریں تر خاصیت یہ ہے کہ اس کی بدولت رسول کریم ﷺ کی زیارت خواب میں نصیب ہوتی ہے۔ درود شریف کی کثرت سے عموماً یہ دولت نصیب ہوجاتی ہے اور بعض درودوں کو بالخصوص بزرگوں نے آزمایا ہے۔
شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب ’’ترغیب اہل السعادات‘‘ میں لکھا ہے کہ شب جمعہ میں دو رکعت نماز نفل پڑھے اور ہر رکعت میں گیارہ بارآیۃ الکرسی اور گیارہ مرتبہ سورۂ اخلاص اور بعد سلام سو مرتبہ درود شریف پڑھے۔ انشاء اللہ تین جمعہ نہ گزرنے پائیں گے کہ زیارت نصیب ہوگی۔ درود شریف یہ ہے:۔
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِنِ النَّبِّیِ الْاُمِّیِّ وَاٰلِہٖ وَاَصْحَابِہٖ وَسَلِّمْ نیز شیخ موصوف نے لکھا ہے کہ جو شخص دو رکعت نماز پڑھے‘ ہر رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ کے 25 بار سورۂ اخلاص اور بعد سلام ایک ہزار مرتبہ یہ درود شریف پڑھے دولت زیارت نصیب ہوگی۔ وہ درود یہ ہے:۔ صَلَّی اللہُ عَلَی النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 025 reviews.