Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

مارچ کی صحت بخشیاں اپنے دامن میں سمیٹ لیں

ماہنامہ عبقری - مارچ2017ء

مت بھولیں کہ مارچ موسم بہار کے آغاز و استقبال کا مہینہ ہے اس مہینے میں اپنے گلستان جسم کے پھولوں یعنی دل‘ دماغ‘ جگر اور معدہ کو جن کو طبی اصطلاح میں اعضائے رئیسہ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے پورے غور و التفات سے نگہداشت کریں۔

مارچ بہ نظر ظاہر ہی نہیں‘ معنوی لحاظ سے بھی صحت انسانی کے لیے ایک دلکش وراحت افروز مہینہ ہے۔ لیکن یاد رکھیے کہ ماہ سرما کے آخر یعنی جنوری اور فروری کے ظہور پذیر ہونے کے باعث اس ماہ کی خصوصیات اپنے دامن میں بعض ایسے مضمرات بھی رکھتی ہے کہ اگر ان کی طرف مناسب اور بروقت توجہ نہ کی جائے تو پھراس مہینے کی دلاویزیوں اور کیفیتوں میں تکلیفیں اور پریشانیاں بھی شامل ہوسکتی ہیں کیونکہ موسم سرما میں استعمال کردہ گرم تاثیر رکھنے والی غذاؤں کا ردعمل بہرحال جسم کے ایک ایک رگ و ریشے میں موجود ہوتا ہے اور اسے مناسب و متوازن تدابیر کے ساتھ ہی حداعتدال پر لاکر اپنے جسم کی قوت برداشت اور اعصاب و جلد نیز قوائے ہاضمہ کو موسم بہار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں یوں سمجھئے کہ یہ مہینے اپنے دامن میں عجیب و غریب اور خاموش آتش فشانی مادے رکھتا ہے اس لیے اس مہینے کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ ان مادوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ آنے والے مہینے یعنی اپریل میں آپ کے جسم کو ناگوار اور پریشان کن نتائج کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان احتیاطوں اور حفاظتی تدابیر سے اغماض کا نتیجہ ہی ہے کہ اپریل میں بہت سے لوگ خرابی خون اور متعدد جلدی عوارض (بالخصوص بچے) مثلاً خسرہ‘ موتی جھرہ‘ لاکڑا کاکڑا‘ کالی کھانسی‘ چیچک‘ فلو وغیرہ کے عوارض سے دوچار ہوتے ہیں۔ اس قسم کے موسمی عوارض سے محفوظ رہنے کیلئے مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر کرنا بے حد سودمند ثابت ہوگا۔٭ زیادہ گرم تاثیر والے میوہ جات سے اجتناب کریں۔ ٭ رات کو جلد سوئیں اور علی الصبح بیدار ہونے کی عادت ڈالیں۔٭ ہر قسم کی شیریں غذائیں مثلاً مٹھائی‘ بالخصوص چینی بہت کم استعمال کریں۔ کیونکہ یہ خون فساد وخرابی پیدا کرکے شوگر جیسے موذی مرض کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔٭ پیدل چلنے‘ صبح کی ہوا خوری اور مناسب ورزش کو اپنا معمول بنائیں۔پیدل ہوا خوری کا سادہ طریقہ یہ ہے کہ علی الصبح سورج نکلنے سے ایک ڈیڑھ گھنٹہ پہلے نکل جایا کریں اور اس وقت لوٹا جائے جبکہ دھوپ زیادہ تیز نہیں ہوئی ہو‘ حسب طاقت ایک شخص ایک میل سے پانچ چھ میل تک روزانہ پیدل ہوا خوری کرسکتا ہے۔ آپ دیکھیں گے کہ پیدل ہوا خوری سے آپ کی قوت برداشت بڑھ جائے گی اور پورے نظام جسمانی کو یکساں طور پر یہ فائدہ پہنچے گا کہ کسی مرض کے جراثیم آپ کے جسم کے اندر پہنچ بھی چکے ہوں گے یا جو موسمی رطوبات نظام جسمانی میں بیماریوںکو پالنے والی موجود ہوں گی ان کا اخراج حتمی طور پر عمل میں آجائے گا اگر زمین پتھریلی اور کنکریلی نہ ہو تو ننگے پاؤں پیدل ہوا خوری کرنے سے مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے۔ لیکن مشکل یہ ہے کہ شہروں میں اس طرح ہوا خوری ممکن نہیں ہے اگر قصبات و دیہات کی کچی اور گھاس والی پگ ڈنڈیوں اور راستوں پر چلنے کا موقع میسر آئے تو یہ سب سے زیادہ مناسب صورت ہے۔اس مہینے میں تغیر موسم کے سبب بخار بھی ہوجایا کرتا ہے جو عدم علاج کے باعث بگڑ کر اعضائے رئیسہ اور اعضائے غریبہ میں خلل وفتور کا باعث بنتا ہے اس کی یہ صورت ہے کہ آرد مغز کرنجوہ دن میں چار مرتبہ (شیرخوار بچوں سے لے کر عمر طبعی تک دو رتی سے دو ماشہ تک یعنی حسب العمر) چینی کے نیم گرم جوشاندے کے ساتھ دیں۔
مارچ میں کیا کھائیں؟:ناشتہ میں دودھ‘ دلیہ‘ ڈبل روٹی‘ مکھن ایک انڈا تلی ہوئی مچھلی ایک ٹکڑا یا تھوڑا سا گوشت‘ بادام اور دودھ کا حریرہ وغیرہ جو چیز پسند ہو کھاسکتے ہیں۔ناشتہ میں چائے کی بجائے گرم دودھ زیادہ مفید ہے۔ بلغمی مزاج والے حضرات اس میں تھوڑا سا چائے کا پانی شامل کرلیں۔مارچ میں کیا پہنیں؟:علی الصبح باہر نکلتے وقت گرم سویٹروغیرہ ضرور استعمال کریں۔ کام پر جاتے ہوئے ذراموٹے لباس کا استعمال کرسکتے ہیں۔ ململ یا وائل کا کرتہ پہننے سے ابھی گریز کریں۔ابھی کھلے آسمان کے نیچے سونے سے گریز کریں: رات کھلے آسمان کے نیچے نہ سوئیں بلکہ برآمدہ میں سوئیں تاکہ اوس (شبنم) سے بچاجاسکے لحاف اتار کر کمبل استعمال کیا جاسکتا ہے مگر ایک آدھ ماہ تک اگر چاہیں تو گدا استعمال کرسکتے ہیں۔ اسی طرح بجلی (الیکٹرک) کے پنکھے کی ہوا لینا یا ایئرکنڈیشنڈ کمرے میں سونا بھی ابھی مضرصحت ہے ہر چیز کا اپنا ایک وقت ہوتا ہے۔مارچ میں ہونیوالی بیماریاں: مت بھولیں کہ مارچ موسم بہار کے آغاز و استقبال کا مہینہ ہے اس مہینے میں اپنے گلستان جسم کے پھولوں یعنی دل‘ دماغ‘ جگر اور معدہ کو جن کو طبی اصطلاح میں اعضائے رئیسہ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے پورے غور و التفات سے نگہداشت کریں‘ یادرکھیے! آپ کی اس بروقت اور ہوشمندانہ توجہ سے صرف اعضائے رئیسہ کو ہی فائدہ نہیں پہنچے گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اعضائے غریبہ کو بھی خاطر خواہ فوائد حاصل ہوں گے۔ اس موسم میں چھوٹے بچوں کو بالعموم خسرہ‘ لاکڑا کاکڑا یا چیچک کا خطرہ درپیش ہوتا ہے۔ اس لیے مناسب ہے کہ انہیںچیچک کا ٹیکہ ضرور لگوالیا جائے۔آج کل حکومت کی کوششوں سے مرض چیچک ملک میں ناپید ہوچکا ہے اس کی جگہ مختلف چھ بیماریوں پولیو‘ خسرہ‘ اخناق‘ کالی کھانسی‘ ٹیٹنس اور ٹی بی سے محفوظ رہنے کیلئے پانچ سال تک کے بچوں کو ویکسین کے ٹیکے لگائے جاتے ہیں اور قطرے پلائے جاتے ہیں۔ بعض کمزور بچوں پر تپ محرقہ (ٹائیفائیڈ فیور) کا حملہ ہوجاتا ہے اس لیے ان کی غذاکا خاص خیال رکھیں۔ ضرورت سے زیادہ کھالینا‘ بار بار کھانا‘ گندا پانی پینا اس مرض کے اسباب میں شامل ہیں۔ بچوں کوبھی بڑوں کی طرح روزانہ غسل کروائیں اور صاف ستھرا لباس پہنائیں تو انشاء اللہ ان کی صحت بہت اچھی رہے گی اور وہ بیماریوں سے بھی بچے رہیں گے۔اس کے علاوہ زیادہ گرم تاثیر والے میوہ جات سے اجتناب کریں۔ ٭ رات کو جلد سوئیںاور علی الصبح بیدار ہونے کی عادت ڈالیں۔ ٭ ہر قسم کی شیریں غذائیں مثلاً مٹھائی‘ بالخصوص چینی بہت کم استعمال کریں کیونکہ یہ خون میں فساد و خرابی پیدا کرکے شوگر جیسے موذی مرض کودعوت دینے کے مترادف ہے۔ ٭ پیدل چلنے‘ صبح کی ہوا خوری اور مناسب ورزش کو اپنامعمول بنائیں۔

 

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 535 reviews.