Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

بدبودار سانسیں!چند گھریلو نسخے آزمالیں!

ماہنامہ عبقری - جولائی 2017ء

احتیاط علاج سے بہتر ہے اگر آپ بھی منہ سے آنے والی بدبو سے بچنا چاہتےہیں تو سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ ابھی سے حفاظتی تدابیر اختیار کریں نہ صرف یہ کہ دانتوں کی صفائی باقاعدگی سے کریں بلکہ کوشش کریں کہ بادی اور قبض کرنے والی اشیاء کے زیادہ استعمال سے گریز کریں

مکالمہ ایسی چیز ہے جس سے ایک دن میں آپ کا کئی بار واسطہ پڑتا ہے حصول تعلیم ہو‘ حال دل کہنا ہو یا سننا‘ کوئی شے خریدنا ہو یا بیچنا‘ آپ کو دوسرے لوگوں سے بات تو کرنا ہی پڑے گی‘ اس کے بغیر نہ تو ہم کسی دوسرے پر اپنا مقصد ظاہر کرسکتے ہیں اور نہ ہی دوسرے کے خیالات سے آگاہ ہوسکتے ہیں۔ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ گفتگو کے دوران بات کرنے والے کے منہ سے ایسا ناگوار جھونکا آتا ہے کہ ہونٹوں سے نکلی بات پر دھیان کی بجائے خود اپنے جی کی فکر لاحق ہوجاتی ہے جو متلانے لگتا ہے۔ ایسے میں بات کرنے والے کے سوا سب بدبو کو محسوس کررہے ہوتے ہیں لیکن اسے پتہ ہی نہیں چلتا کہ اس کا گفتگو کیلئے منہ کھولنا دوسروں پر کیا قیامت ڈھارہا ہے اور احساس ہونے پر شرمندگی الگ ہوتی ہے اور مقصد الگ غارت ہوجاتا ہے۔اسباب: طبی لحاظ سے منہ سے بو کا آنا جسمانی نظام میں خلل سمجھا جاتاہے۔ طب کی زبان میں اس خلل کو Halitosis کہتے ہیں۔ معالجین کی رائے میں منہ سے ناخوشگوار مہک کا آنا خرابی معدہ کی نشانی ہے۔ منہ سے بدبو آنے کی بڑی وجوہات میں دانتوں کی بوسیدگی‘ ان پر جمی میل اور مسوڑھوں کی خرابیاں شامل ہیں۔ماہر امراض دندان (ڈینٹسٹ) کہتے ہیں کہ دانتوں کی جڑوں کی بوسیدگی کی وجہ سے مسوڑھوں میں پیپ پڑجاتی ہے جس سے سانس بدبو دار ہوجاتی ہے۔ گلی ہوئی ڈاڑھوں اور دانتوں کے باریک سوراخوں میں بھی جراثیم کو پناہ مل جاتی ہے جہاں وہ پرورش پانا اور اپنی تعداد بڑھانا شروع کردیتے ہیں۔ جوں جوں ان کی تعداد بڑھتی جاتی ہے منہ کی بدبو میں بھی اضافہ ہوتا جاتا ہے اس کے علاوہ ناک، گلا، سانس کی نالی یا معدے کی انفیکشن بھی منہ کی بدبو کا باعث بن سکتی ہے۔ تاہم ایسے زیادہ تر کیسز میں دیکھا گیا ہے کہ بدبو کا سبب معدے کی خرابیوں‘ آنتوں کی انفیکشن اور پرانی قبض ہوتے ہیں۔ ناگوار بو ان فالتو مادوں کے باعث پھیلتی ہے جنہیں جسم پھیپھڑوں کے ذریعے باہر نکالتا ہے۔ پان چبانا‘ نسوار اور تمباکو بھی منہ میں بدبو پیدا کرتے ہیں۔
علاج: اگر بدبو دانتوں اور مسوڑھوں کی خرابی‘ ٹانسلز‘ تمباکو نوشی یا انیمیا کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے تو مختصر علاج سے یہ شکایت فوراً دور ہوجائے گی۔ اسی طرح اگر یہ معدے اور آنتوں کی خرابی کا نتیجہ ہے تو اس کا علاج ان خرابیوں کے مکمل خاتمے اور جسم کو فالتو اور غیرصحت مند مادوں سے پاک کرنا ہی ہوگا۔جن لوگوں کے منہ سے بدبو آتی ہو انہیں بیجوں‘ خشک میوؤں کی گری‘ اناج کے دانوں‘ سبزیوں اور پھلوں پر مشتمل متوازن غذا کھانی چاہیے۔ زیادہ تر پھل اور پکی ہوئی سبزیاں کھائیں۔ قبض ہو تو اسے دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ مریض کو مصنوعی طور پر تیار کردہ کاربوہائیڈریٹس مثلاً سفید چینی‘ میدہ اور سفید آٹے کی روٹی‘ گوشت اور انڈے کھانا ترک کردینا چاہیے حتیٰ کہ بے چھنے آٹے کی روٹی بھی کم کھانی چاہیے۔جن لوگوں کے منہ سے ناخوشگوار بو آتی ہو انہیں چاہیے کہ رات کو سات آلوبخارے اور چند عدد خشک انجیر ایک کٹورے میں پانی بھر کر اس میں بھگودیں اور صبح نہار منہ انہیں بطور ناشتہ کھالیں اور جس پانی میں یہ دونوں چیزیں بھگوئی گئی تھیں اسے بھی پی لے۔ یادرکھیں کہ بھگونے سے پہلے ان دونوں چیزوں کو صاف پانی سے اچھی طرح دھولینا چاہیے اور جس پیالے میں انہیں بھگویا ہے اسے بھی کسی پلیٹ سے ڈھانپ کر رکھا جائے۔ اس کےعلاوہ مریض کو روزانہ کم ازکم سات آٹھ گلاس پانی ضرور پینا چاہیے۔ رات کو سونے سے پہلے اور صبح ناشتے کے بعد دانت ضرور برش کریں (یامسواک کرلیں)۔ گوشت کا سالن تکہ وغیرہ کھانے کے بعد گوشت کے ذرات کو ٹوتھ پک کے ذریعہ دانتوں سے نکال دیا کریں کیونکہ یہ ذرات بھی منہ میں بدبو پیدا کرنے اور جراثیم کی افزائش کا باعث بنتے ہیں۔اگر آپ کے دانت بوسیدہ اور کیڑا لگے ہوئے اور مسوڑھے سوزش زدہ رہتے ہیں تو بادی والی چیزیں کھانے سے گریز کریں اور پہلی فرصت میں ڈینٹسٹ سے رجوع کریں۔ اگر آپ ٹوتھ پیسٹ استعمال نہیں کرتے تو پھر پیلو یا نیم کی مسواک ضرور استعمال کریں۔ اس سے نہ صرف دانتوں کی صفائی ہوجاتی ہے بلکہ میں موجود جراثیم کا خاتمہ بھی ہوجاتا ہے۔
گھریلو نسخے: گھریلو نسخوں میں سے میتھی‘ منہ کی بدبو دور کرنے بہت مؤثر نسخہ ہے۔ اس کے بیجوں کی چائے بنالیجئے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ چمچ بھر میتھی کے بیج‘ آدھ لیٹر ٹھنڈے پانی میں ڈال کرپندرہ منٹ کیلئے ہلکی آنچ پر رکھ دیجئے۔ بعد میں چھان کر بطور چائے استعمال کیجئے۔ ناشپاتی بھی معدے کی کمزوری اور قبض دور کرنے میں بڑی مدد دیتی ہے۔ کچے امرود بھی منہ کی ناگوار مہک ختم کرنے کیلئے بہت مفید ہوتے ہیں کیونکہ ان میں فاسفک ایسڈ، آگزیلک ایسڈ‘ ٹینک اور میلک ایسڈز کے علاوہ کیلشیم اور مینگنیز بھی ہوتی ہے اور یہ چیزیں چبا کر کھانے سے منہ کی بدبو ختم ہوجاتی ہے۔ علاوہ ازیں امرود کے درخت کے نئے نکلنے والے پتے چبانا بھی مسوڑھوں سے رسنے والے خون کو بند کردیتا ہے۔
تمام پھلوں اور سبزیوں کے جوس، سانس اور منہ کی بدبو دور کرنے کیلئے مفید ہوتے ہیں۔ سیب‘ چکوترا‘ لیموں‘ انناس‘ ٹماٹر‘ گاجر‘ اور کلفہ کے جوس خاص طورپر فائدہ مند ہیں۔ علاوہ ازیں روزانہ کی ورزش‘ صبح کی سیر اور خاصا پیدل چلنا‘ قبض دور کرنے کیلئے بہت مفید ہوتے ہیں۔ قبض چونکہ منہ کی بدبو کے اسباب میں سے ایک ہے اس لیے اسے دور کرنا لازمی ہے۔ کہتے ہیں کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے اگر آپ بھی منہ سے آنے والی بدبو سے بچنا چاہتےہیں تو سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ ابھی سے حفاظتی تدابیر اختیار کریں نہ صرف یہ کہ دانتوں کی صفائی باقاعدگی سے کریں بلکہ کوشش کریں کہ بادی اور قبض کرنے والی اشیاء کے زیادہ استعمال سے گریز کریں تاکہ دانت‘ مسوڑھے صحت مند اور سانسیں خوشگوار رہیں۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 961 reviews.