کھٹملوں کا خاتمہ کیسے کریں
٭آزاد کشمیر سے ایمن گڑیا لکھتی ہیں‘ ہم جہاں رہتے ہیں وہاں بھارت کی بے پناہ فائرنگ ہوتی ہے‘ راکٹ گرتے رہتے ہیں۔ پیاری باجی! مجھے بہت ڈر لگتا ہے۔ آپ ہم لوگوں کیلئے دعا کی اپیل کریں کہ ہمارے علاقے میں امن و امان قائم ہو ۔ہمارے علاقے میں کھٹمل بہت ہیں۔ ہم نے بہت طریقے آزمائے لیکن وہ ختم نہیں ہوتے۔ چارپائیوں میں فنس وغیرہ ڈالا۔ مرچ ابال کر گرم پانی بھی ڈالا ہے کسی کو اس بارے میں پتہ ہو تو مجھے ضرور بتائے۔ (ایمن گڑیا‘ آزاد کشمیر)
مشورہ:۔ایمن گڑیا! اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کے حالات بہتر کرے اور آپ لوگ بھی سکھ کا سانس لو۔ کھٹملوں کی بابت میں نے لکھا ہے۔ کسی کا آزمودہ ٹوٹکا ہوا تو بتاﺅں گی۔ کچھ لوگ مٹی کا تیل اور کافور ملا کر چارپائی پر چھڑکتے ہیںمگر جو کھٹمل ادویات اور اسپرے سے نہیں مرے وہ ان ٹوٹکوں سے کیا ختم ہوں گے۔ کہتے ہیں کہ آگ جلا کر اس میں کھٹمل ڈالتے رہیں تو دوسرے ان کے جلنے کی بُو سے بھاگ جاتے ہیں۔
زیادہ کھانے سے نقصانات
٭میرا مسئلہ یہ ہے کہ تین بیٹیاں ہیں اور تینوں ہی خوب صحت مند ہیں۔ تیسری آٹھویں میں ہے۔ ماشاءاللہ خوب لمبی چوڑی ہیں اور ان کا جسم دن بدن پھولتا جا رہا ہے۔ ہاتھ لگاﺅ تو محسوس ہوتا ہے کسی پہلوان کی طرح سخت جسم ہے۔ ان کے چہرے پر دانے نکل رہے ہیں۔ قبض رہتا ہے۔ دانوں کے علاج کیلئے بے شمار کریمیں اور لوشن استعمال کرتی ہیں مگر چہرے پر داغ دھبے اور پھنسیاں ویسے ہی موجود ہیں۔ سارا دن کچھ نہ کچھ کھاتی رہتی ہیں۔ ان کیلئے ٹوٹکا بتائیں میں سخت پریشان ہوں۔ (ایک پریشان ماں۔ ”ر“)
مشورہ:۔ یہ سب آپ کے لاڈ پیار کی وجہ سے ہوا ہے۔ آپ شروع سے بچیوں کو کنٹرول میں رکھتیں تو اچھا تھا۔ صبح صبح انڈے‘ جیم‘ ڈبل روٹی‘ دودھ کا ناشتہ کر کے وہ سموسے ‘ برگر‘ ٹافیاں اور پیپسی کولا کی بوتلیں سکول و کالج میں لیتی ہیں۔ فنگر چپس آتے جاتے کھاتی ہیں۔ گھر آ کر ان کو چکن فرائی اور پیپسی کی بوتل چاہیے۔ میٹھی ڈش بھی کھاتی ہیں۔ شام کو چائے کے ساتھ لوازمات اور پھر رات کا کھانا اور رات گئے آئس کریم کا دور چلتا ہے۔ آپ خود سوچئے یہ بچیاں گھر کا کام کاج نہیں کرتیں بلکہ تمام دن کھاتی پیتی رہتی ہیں۔ اسی لئے ان کے جسم پر فاضل چربی کی تہہ جم گئی ہے۔ چہرے پر دانے ہیں۔ جب وہ چلیں پھریں گی نہیں تو یہ چربی کیسے تحلیل ہو گی۔ آپ ان کی غذا سے انڈے‘ جیم‘ برگر‘ پیپسی‘ آئس کریم‘ فنگر چپس اور دوسری تلی ہوئی روغنی چیزیں نکال دیں۔ صبح ناشتے میں ابلتے گرم پانی کے کپ میں ایک چمچ شہد اور ایک لیموں نچوڑ کر دیجئے۔ بچیوں کو اذان کے وقت اٹھائیے۔ ان سے کہئے نماز پڑھ کر کم از کم ایک گھنٹہ صبح کی سیر کریں۔ واپس آئیں تو ان کو ہلکا سا ناشتہ دیں۔ دو توس اور ایک کپ چائے‘ دوپہر کے کھانے میں سبزیاں پکائیے اور سلاد۔ آہستہ آہستہ روٹی کی مقدار کم کرتی جائیے۔کچی پکی سبزیاں ان کیلئے مفید ہیں۔ رات کا کھانا بھی سادہ ہونا چاہیے۔جس میں گوشت کی مقدار کم ہو۔ آئس کریم کے بجائے آپ تازہ پھل انہیں کھلائیے اور رات کو بھی ایک گھنٹہ چہل قدمی کرائیے۔ صبح ناشتے میں بچیاں صرف موسمی پھل بھی کھا سکتی ہیں۔ جسم میں جو فاسد رطوبات ہیں وہ پیشاب کے ذریعے خارج ہو جائیں گی۔ ہمارے ہاں آج کل کھاتے پیتے گھروں میں ایک فیشن اور عام ہو گیا ہے کہ ہزاروں روپے دے کر ایک گھنٹہ کیلئے جا کر مختلف مشینوں کے ذریعے اور سائیکلنگ سے موٹاپے کا علاج کیا جاتا ہے ۔ یہاں بھی صبح شام ایک ایک گھنٹہ سیر کرنی لازمی ہے اور تلی ہوئی چیزیں روٹی وغیرہ غذا سے آہستہ آہستہ نکال دی جاتی ہیں۔ آپ گھر ہی میں بچیوں کا وزن آسانی سے کنٹرول کر سکتی ہیں۔ مستقل قبض رہنا بھی اچھی بات نہیں۔ جب تک آپ بچیوں کی غذا صحیح نہیںکریں گی وہ ٹھیک نہیں ہوں گی۔ گھیکوار کا گودا نکال کر چہرے کے داغوں اور دھبوں پر ایک گھنٹہ لگائیے یہ بے ضرر ہے۔ پانچوں وقت نماز پڑھنے سے چہرہ صاف ستھرا رہتا ہے کیونکہ پانچ دفعہ منہ دھلتا ہے۔ آپ بچیوں کو نماز کی عادت ڈالئے اور ان سے کہئے کہ بسم اللہ پڑھ کر کھانا کھائیں۔ یہ چھوٹی چھوٹی باتیں بچپن ہی میں بچوں کو بتانی چاہئیں۔ گھر میں آپ چکی کا پسا ہوا آٹا لائیے اور بغیر چھانے اس کی روٹی پکائیے۔ آپ کی تھوڑی سی توجہ سے بچیاں سمارٹ ہو جائیں گی۔
سوٹ پر ایلفی گر گئی
٭ہمارا ایک سوٹ جو بہت قیمتی ہے اس پر ایلفی گر گئی تھی جو کوشش کے باوجود نہیں اتری‘ براہ کرم اس مسئلے کا حل بتائیں۔ (فاطمہ ‘ لاہور)
مشورہ:۔آپ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے میں نے چند لوگوں سے رابطہ بھی کیا‘ کیمیکل کے حوالے سے ‘ مگر مجھے ابھی تک ایلفی اتارنے کا صحیح نسخہ نہیں مل سکا۔ کسی بہن بھائی کے تجربے میں یہ بات آئی ہو تو ضرور لکھے۔ میں تو آپ کو سوٹ صحیح کرنے کا یہ مشورہ دے سکتی ہوں کہ اگر شلوار ہے تو اس کی بیلٹ کو اتار کر دوسرے سادہ کپڑے کی بیلٹ ڈالئے اور اگر قمیض کے دامن پر ایلفی گری ہے تو دامن کاٹ دیجئے ۔ ہم رنگ باریک لیس خریدیے جو دونوں طرف سے یکساں ہو۔ لیس لگا کر کپڑا بیلٹ والا لگائیے۔ آستینوں پر بھی لیس لگا لیجئے۔ ڈیزائن بھی بن جائے گا اور سوٹ بھی ضائع نہیں ہوگا۔اگر سوٹ سادہ ہے تو کپڑے سے ملتے رنگ کا کوئی بھی شوخ کپڑا لے کر اس کی ٹکڑیاں کاٹ کرقمیض پر لگائیے ۔ ان ٹکڑیوں کے بیچ میں شیشہ لگا کر کڑھائی کر لیجئے۔ چوڑا ربن خرید کر وہ بھی لگا سکتی ہیں۔ بازار میں بنے بنائے خوبصورت ڈیزائن میں پھول ملتے ہیں۔ آپ خرید کر قمیض پر ٹانک سکتی ہیں۔ آپ قمیض پر بیلٹ (نیفے) سے اتارے کپڑے کا پیوند لگا سکتی ہیں۔ آپ کا سوٹ ضائع نہیں ہوگا۔ تھوڑی سی محنت سے اس سوٹ کو منفرد ڈیزائن میں تبدیل کر لیجئے ‘ سب کو پسند آئے گا۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 186
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں