ذیقعد اسلامی سال کا گیارہواں مہینہ ہے۔ یہ بڑا مبارک اور حرمت والا مہینہ ہے اس مہینے میں عرب جنگ کو ترک کر دیتے تھے اور اپنے گھروں میں بیٹھے رہتے تھے۔ حضور نبی کریم علیہ الصلوٰة والسلام کا ارشاد ہے کہ ذیقعد کا مہینہ بہت بزرگی والا مہینہ ہے اور اس ماہ کی عبادت بہت افضل ہے۔
ذیقعدہ کا چاند
جب ذیقعد کا چاند دیکھے تو یہ کہے:
اَللّٰہُمّٰ ہَذَا الشَّہرُ اَوَّلُ مِن شَہرِ الحَرَامِ وَ اَوسَطُہَا مِن شَہُورِ الحَجِّ بَیتِکَ الحَرَاٰمِ فَاغفِرلَنَا جَمِیعَ المَعَاصِی وَالاٰثَامِ وَلَا تُوَاخِذنَا بِالنَّواصِی وَالاَقدَامِ یَاذَاالجَلاَلِ وَالاِکرَامِo
پہلی شب
اس مہینے کی پہلی شب کو چاہیے کہ تیس رکعت نفل نماز دو دو رکعت کرکے اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد ایک مرتبہ سورئہ زلزال پڑھے اور سلام پھیرنے کے بعدایک مرتبہ سورئہ عم یتساءلون پڑھے۔
اس کے علاوہ جو کوئی ذیقعد کی پہلی شب نماز عشاءکے بعد چار رکعت نفل نماز دو دو رکعت کرکے اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد تیئس تیئس مرتبہ سورئہ اخلاص پڑھے۔ نماز کے بعد نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگے اور خلوص دل سے توبہ کرے تو انشاءاللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول ہوگی اور اللہ تعالیٰ اس کو بخش دے گا۔
نفلی روزہ
جو کوئی ذیقعد کے مہینہ میں کسی بھی دن نفلی روزہ رکھے گا تو بفضل باری تعالیٰ اسے عمرے کا ثواب عطا ہوگا اگر کوئی سوموار کوروزہ رکھے تو ثواب عظیم حاصل ہوگا۔
جمعہ کے نوافل
ذیقعد کے مہینے میں چاہیے کہ ہر جمعہ کے دن نماز جمعہ کے بعد چار رکعت نفل نماز دو دو رکعت کرکے اس طرح پڑھے کہ ہررکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد اکیس اکیس مرتبہ سورئہ اخلاص پڑھے۔ انشاءاللہ تعالیٰ حج و عمرہ کا ثواب حاصل ہوگا۔
دو رکعت نفل
ذیقعد کے مہینے کی ہر شب کو نماز عشاءکے بعد دورکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد تین تین مرتبہ سورئہ اخلاص پڑھے اور نماز کے بعد اللہ تعالیٰ سے دعا مانگے۔ انشاءاللہ تعالیٰ ہررات عمرہ کی عبادت کا ثواب حاصل ہوگا۔
ترقی درجات کیلئے
جو کوئی چاہے کہ بارگاہ الٰہی میں اس کا درجہ بلند ہوجائے، اللہ تعالیٰ اس پر اپنا خصوصی فضل وکرم نازل فرمائے تو اسے چاہیے کہ وہ ذیقعدہ کے مہینہ کی نو تاریخ کی شب نماز عشاءکے بعد دو رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد ایک ایک مرتبہ سورئہ مزمل پڑھے اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد تین مرتبہ سورئہ یٰسین پڑھے۔
جمعرات کی شب
ذیقعدہ کے مہینے میں جو کوئی ہر جمعرات کی شب سو رکعت نفل نماز دو دو رکعت کرکے اس طرح سے پڑھے کہ ہررکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد دس دس مرتبہ سورئہ اخلاص پڑھے تو بفضل باری تعالیٰ اسے ثواب عظیم حاصل ہوگا۔
آخری دن
جو کوئی ذیقعد کے مہینہ کی آخری تاریخ کو چاشت کے وقت دو رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہررکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد تین سو مرتبہ سورة قدر پڑھے اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد گیارہ مرتبہ یہ درود پاک پڑھے۔
اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا وَ مَولَانَا مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی اٰلِ سَیِّدِنَا وَّ مَولاَنَا مُحَمَّدٍ مَعدَنِ الجُودِ وَالکَرَمِ وَاَصحَابِہ وَ بَارِک وَسَلِّم۔اس کے بعد پندرہ مرتبہ سورئہ فاتحہ پڑھے اور سجدے میں جاکر اللہ تعالیٰ سے جو بھی جائز دعا مانگے گا، انشاءاللہ تعالیٰ قبول ہوگی۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 474
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں