محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں نہایت ہی گناہوں میں ڈوبا ہوا تھا۔ خوش قسمتی سے میں نے نیٹ پر آپ کا درس سنا تو اللہ تعالیٰ نے آپ کے توسط سے مجھے اور میری بیوی کو نمازی بنادیا ہے اور ہم باقاعدگی سے روزانہ نیٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے آپ کے درس سنتے ہیں۔ درس سے اختتام پر ہونے والی دعاؤں سے ہمارے گھر میں بہت برکت آئی اور ہم میاں بیوی اور ہمارا بیٹا سیدھے راستے پر چل پڑے ہیں۔ جب سے آپ سے روحانی تعلق بنا ہے میری کیفیت یہ ہے کہ پہلے تو میں کبھی عید کی نماز پڑھنے بھی مسجد میں نہیں گیا تھا عجیب سی ایک طاقت تھی جو مجھے مسجد کی طرف جانے ہی نہ دیتی تھی مگر اب خداوند کریم کے فضل سے تہجد بھی پڑھتا ہوں۔ کچھ عرصہ ہوگیا ہے کہ عجیب کیفیت بن رہی ہے کہ نماز پڑھتے ہوئے یا سجدہ میں مجھے بہت زیادہ رونا آنا شروع ہوگیا ہے اور اب تو مجھے وہم سا ہوگیا ہے کہ جس دن عبادت میں رونا نہ آئے مجھے لگتا ہے کہ مجھ سے کوئی گناہ ہوگیا ہے اور میرا رب مجھ سے ناراض ہے کہ مجھے نماز میں رونا نہیں آیا۔ پہلے میرا دل بہت سخت تھا مگر اب میرا دل بہت نرم ہوگیا ہے۔ دعا کیلئے ہاتھ اٹھاتا ہوں تو خداوند کریم کے فضل کو سوچ کر میری ہچکی بندھ جاتی ہے۔ اب مجھے بزرگوں‘ بوڑھوں کی خدمت کرکے سکون ملتا ہے اکثر کوشش کرتا ہوں کہ بڑوں بوڑھوں کو اکٹھا کرکے ان کی محفل میں بیٹھوں‘ دعا کریں اللہ تعالیٰ مجھے اس قابل بنادے۔ آپ جب درس میں اللہ والو! کہتے ہیں تو مجھے بہت اچھا لگتا ہے‘ مجھ ناچیز کی دعا ہے خداوند کریم آپ کی اس دعا کو قبول کرے۔ مجھے بس میرا اللہ، اللہ والا بنادے اب اور مجھے کچھ نہیں چاہیے۔ مجھے تو معلوم ہی اب ہوا ہے کہ اللہ والوں کی صحبت میں بیٹھنے سےکیا ملتا ہے اصل زندگی کا سکون تو ہے ہی اسی میں باقی تو سب فریب ہے۔ میں نے اپنی زندگی کے اتنے سال ایسے ہی بے کار گزار دئیے۔ نہ کبھی نماز‘ نہ روزہ‘ نہ تسبیح‘ نہ کسی کے ساتھ اچھائی‘ نہ صلہ رحمی۔ اللہ سے رو رو کر اپنی گزشتہ زندگی پر توبہ کرتا ہوں اور ساتھ اس کا لاکھوں شکر بھی ادا کرتا ہوں کہ اس کریم نے مجھ پر کتنا کرم کیا ہے کہ مجھ کو گندے کیچڑ سے اٹھا کر نمازی بنادیا ہے۔ میں انگلینڈ میں رہتا ہوں اور اپنی زبان اردو تو بھول ہی گیا تھا آج بیس سال کے بعد اردو لکھ رہا ہوں تو عجیب سا اپنا پن محسوس ہورہا ہے‘ عجیب سی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ آخر میں گنہگار کی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی عمر دراز کرے‘ آپ کے اس نیک مشن کو کامیاب کرے۔ آمین ثم آمین۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں