جن کا اثر‘ آسیب زدہ اور مرگی کا دورہ دور کرنا
اگر کسی بچے‘ بڑے یا عورت پر جن بھوت کا اثر ہوگیا ہو یا کسی کو آسیب لپٹ گیا ہو یا کسی کو مرگی کا دورہ پڑگیا ہو تو اس کیلئے ایک بوتل یا صاف برتن میں پانی لے اور سورئہ فاتحہ‘ آیة الکرسی اور سورئہ جن کی شروع کی (ابتدائی) پانچ آیات پڑھ کر پانی پر دم کرے اور اس پانی کے چھینٹے مریض کے منہ (چہرے) پر مارے۔
انشاءاللہ تعالیٰ اس عمل کی برکت سے مریض ہوش میں آجائے گا جب بھی ایسا ہو اسی پانی کے چھینٹے اس مریض کے منہ پر ماردیا کرے انشاءاللہ تعالیٰ مریض فوراً ہوش میں آجائے گا۔
ہر تکلیف اور پریشانی سے حفاظت
اگر کسی شخص کو کسی پریشانی سے واسطہ پڑجائے اور وہ ہر طرح سے عاجز آجائے یا انسان کو کسی کی طرف سے تکلیف پہنچے یا کسی طرف سے برائی کے پیش آنے کا ڈر ہو تو یہ عمل کرے۔ انشاءاللہ تعالیٰ وہ ہر ظالم کے ظلم سے محفوظ رہے گا اور ہر تکلیف اور برائی سے بچا رہے گا۔ عمل یہ ہے:۔
فجر کی نماز کی دو رکعت سنت میں اول رکعت میں الحمدشریف کے بعد سورئہ الم نشرح اور دوسری رکعت میں سورئہ فیل پابندی سے پڑھے اور یہ عمل اس وقت تک کرتا رہے جب تک ظلم یا برائی کے ہونے کا اندیشہ اور ڈر ہو۔ انشاءاللہ تعالیٰ اس عمل کی برکت سے ہر طرح محفوظ رہے گا اور اسے کوئی تکلیف اور گزند نہ پہنچے گا۔
کھیتی میں برکت
اگر کوئی شخص یہ چاہتا ہو کہ اس کے کھیت میں فصل خوب اگے اور اس فصل کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور خوب برکت ہو تو اس کیلئے جب کھیت میں بیج ڈالے اس وقت اول درود ابراہیمی گیارہ بار پڑھے اس کے بعد ایک سو بار پڑھے:
سُبحَانَ اللّٰہِ البَاعِثِ الوَارِثِ
اس کے بعد گیارہ بار درود ابراہیمی پڑھے اس کے بعد بیج ڈالنا شروع کرے۔ انشاءاللہ تعالیٰ کھیت میں بہت برکت ہوگی اور خوب فصل پیدا ہوگی کہ نہال ہوجائے گا۔
پیشاب رک رک کرآنا
بعض مرتبہ غدود کے ورم کی وجہ سے یا پتھری کے سبب پیشاب رک رک کر قطرہ قطرہ آتا ہے۔ اس کے جاری کرنے کیلئے صبح بعد نمازفجر اور بعد نماز مغرب گیارہ بار یہ کلمات باوضو پڑھ کر اپنے پیٹ پر پھونک مارے۔ یہ عمل بیماری ختم ہونے تک جاری رکھے۔ انشاءاللہ تعالیٰ جلد صحت حاصل ہوگی۔ وہ کلمات یہ ہیں۔ بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ۔ اَلمَلِکِ القُدُّوسِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ
ہر قسم کے درد سے حفاظت
اگر کسی شخص کے بدن میں بادی کا زور ہو اور اس کے بدن کے کسی نہ کسی حصے میں درد ضرور رہتا ہو تو اس کے لیے مندرجہ ذیل آیت باوضو نماز فجر کے بعد سات بار پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے دونوں ہاتھ تمام بدن پر پھیر لے سر سے پیر تک کوئی حصہ باقی نہ بچے۔ اسی طرح بعد نماز عشاءیہی آیت باوضو سات بار پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے دونوں ہاتھ سر سے پائوں تک تمام بدن پر پھیر لے یہ عمل اسی طرح کرتا رہے گا تو بدن کے کسی بھی حصے میں درد نہ ہوگا اور ہر قسم کے درد سے محفوظ رہے گا۔وہ آیت یہ ہے:۔
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ۔ اَلحَمدُ لِلّٰہِ الَّذِی خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالاَرضَ وَجَعَلَ الظُّلُمٰتِ وَالنُّورَ ط ثُمَّ الَّذِینَ کَفَرُوا بِرَبِّھِم یَعدِلُونَo(سورہ انعام‘1)
غریبی اور تنگ دستی دور کرنا
جو شخص غریب ہواور اس کا ہاتھ خرچ کے معاملے میں تنگ رہتا ہو تو اسے چاہیے کہ بعد نمازِ مغرب یا بعد نماز عشاءباوضو سورئہ مزمل (پ 29) گیارہ مرتبہ پڑھے ۔ سورئہ مزمل پڑھنے سے پہلے گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھے۔ سورئہ مزمل پڑھتے وقت جب فَا تَّخِذ ہُ وَ کِیلاً پر پہنچے تو پچیس مرتبہ یہ کلمات پڑھے حَسبُنَا اللّٰہُ وَ نِعمَ الوَکِیلُ اس عمل کی برکت سے گھر سے غربت اور تنگ دستی کا خاتمہ ہو گا اور روزی میں برکت پیدا ہو گی۔ شرط یہ ہے کہ یہ عمل روزانہ بلا ناغہ کرے اور پابندی سے کرے گا تو اس کا پھل پائے گا۔
نظر بد کا مجرب علاج
بعض مرتبہ کسی خوبصورت انسان‘ حیوان یا اچھی چیز کو نظر بھر کر دیکھ لیا جائے اور اس وقت بَارَکَ اللّٰہُ یا مَا شَآئَ اللّٰہُکہہ دیا جائے تو وہ چیز نظرِ بد سے محفوظ ہو جائے گی اور اگر یہ الفاظ نہ کہے اور اس پر گہری نظر ڈالی یا اس کی خوبی کا تذکرہ کر دیا تو نظرِ بد لگ جائے گی۔ اگر کسی کو نظر لگ جائے تو مندرجہ ذیل آیات اور ان سورتوں کو تین دن مسلسل بلا ناغہ صبح و شام کے وقت تین تین بار پڑھ کر مریض پر دم کرے۔ انشاءاللہ نظر بد کا اثر جاتا رہے گا۔ بچہ ہو یا بڑا ہر ایک کیلئے یہ عمل مفید ہے۔ جو آیات اور سورتیں پڑھی جائیں گی وہ یہ ہیں۔
1۔ سورة الفاتحہ۔ 2۔ سورة البقرة الٓمّ ٓ سے مُفلِحُونَ تک ۔ 3۔ آیت الکرسی۔ 4۔ سورئہ اخلاص۔ 5۔ سورئہ فلق۔ 6۔ سورہ الناس۔7 ۔ یہ آیت وَاِن یَّکَادُ الَّذِینَ سے اِلَّا ذِکر لِّلعٰلَمِینَ تک (القلم :52)
ان کے پڑھنے کا طریقہ ہے کہ پہلے ایک ایک مرتبہ سب آیتیں اور سورتیں پڑھ کر مریض پر دم کریں۔ پھر دوبارہ ایک ایک مرتبہ پڑھ کر مریض پر دم کریں آخر میں تیسری بار ایک ایک مرتبہ پڑھ کر مریض پر دم کریں۔ اس طرح تین مرتبہ صبح اور تین مرتبہ شام کو دم کریں اور مسلسل تین دن تک کریں۔
بُرا خواب آئے تو....!
بُرا خواب دیکھے تو تین مرتبہ شیطان اور برے خواب کے شر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگے۔ مثلاً تین بار یوں کہے: اَعُوذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیطٰنِ الرَّ جِیمِ وَ مِن شَرِّ ھٰذِہِ الرُّویَا۔ اس کے بعد تین مرتبہ بائیں جانب تھتکار دے یعنی تھو تھو کر دے اور جس کروٹ سو رہا ہو اس کروٹ کو بدل دے۔ بخاری شریف کی ایک روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ اٹھ کر وضو کر کے نماز پڑھنے لگے۔ کسی سے اس خواب کا تذکرہ نہ کرے اس طرح انشاءاللہ تعالیٰ یہ خواب اس کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچائے گا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں