ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
(آئندہ حلقہ کشف المحجوب12جون بروز اتوار کو ہوگا)
پیر علی ہجویری رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میں نے اس سے پہلے بھی فن طریقت پر کئی کتابیں لکھی تھیں جو سب ضائع ہوگئیں اور تصوف کے جھوٹے دعوے کرنے والوں نے ان میں سے بعض باتیں لوگوں کو پھانسنے کیلئے چن لیں اور باقی باتیں دھو کر ضائع کردیں کیونکہ جس کے دل پر مہر لگی ہو اس کے خیال میں حسدو انکار کا سرمایہ بھی نعمت خداداد ہوتا ہے اور ایک دوسرے گروہ نے ان باقی حصوں کو دھو کر مٹایا تو نہیں لیکن انہیں پڑھا بھی نہیں۔ ایک اور گروہ نے ان عبارات کو پڑھا لیکن مطلب نہیں سمجھا۔
اس دور میں پرنٹنگ تو ہوتی نہیں تھی ہاتھ سے کتابیں لکھی جاتی تھیں لوگ ان کو دھو کر ضائع کردیتے تھے۔ شیخ رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ لوگ اپنی مرضی کا حصہ چن لیتے تھے۔ باقی دھو دیتے تھے۔ شیخ رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں اس لیے میں نے سب کتابیں ختم کردیں۔ یعنی بعض نے تو پڑھی ہی نہیں اور جنہوں نے پڑھیں انہوں نے اپنی مرضی کے مطلب لیے اور ایسے لوگ یوں کہیں گے کہ ہم تصوف اور معرفت کا علم بیان کرتے ہیں لیکن شیخ رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ یہ عین تاریکی میں ہیں۔ یہ سب اس لیے طے ہوا کہ علم طریقت کے حقائق سرخ گندھک کی مانند ہے جو بالکل کمیاب ہے۔ (سرخ گندھک سونا بنانے کے کام آتی ہے۔)
شیخ رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جس طرح سرخ گندھک نہیں ملتی اسی طرح مجاہدہ کرنے والے مرید بھی نہیں ملتے۔
فرماتے ہیں جب سرخ گندھک کو پالیتے ہیں وہی کیمیا ہوتا ہے ایک چھٹانک بھر وزنی پتھر (سرخ گندھک) بہت سے تانبے اور کانسی کو سونا بنادیتا ہے جیسے کیمیا سیکھنے کیلئے دھکے کھانے پڑتے اور سب کچھ قربان کرنا پڑتا ہے پھر سونا بنتا ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سب کچھ بیچا سب کچھ قربان کیا تو دل کیمیا بنا کہ نہیں؟ پھر اللہ کے ہاں اس صدیق کی قیمت لگی اور سب فرشتوں کو وہی لباس پہننا پڑا جو حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے پہنا کیونکہ صدیق رضی اللہ عنہ کے اندر ماننے والا مجاہدہ تھا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں